علامات ظہور

پی۔ڈی۔ایف فارمیٹ میں مقالہ محفوظ کریں



وہ نشانیاں یا امور جو دنیا میں امام زمان علیہ السلام کے ظہور کو بیان کریں انہیں علائمِ ظہور یا علامات ظہور سے تعبیر کیا جاتا ہے۔



ظہور کی علامات اور ظہور کی شرائط میں فرق

[ترمیم]

ظہورِ امام زمان ؑ کی علامات اور ظہور کی شرائط میں فرق ہے۔ ذیل میں چند اہم فرق پیش خدمت ہیں:
۱۔ ظہور کا شرائط سے ایک حقیقی و منطقی اور واقعی ربط و تعلق ہے؛ یعنی ظہور اس وقت ہو گا جب ظہور کی شرائط اور اسباب فراہم ہو جائیں۔ جبکہ علاماتِ ظہور اس طرح سے نہیں ہیں۔ ایسا ممکن ہے کہ ظہور کی علامات آشکار نہ ہوں لیکن ظہور ہو جائے جبکہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ظہور کی شرائط مہیا نہ ہو اور ظہور ہو جائے۔ بعض علاماتِ ظہور جیسے نفس زکیہ کا قتل ظہور سے پہلے واقع ہو گا اور یہ شرائطِ ظہور کے مہیا ہونے میں مؤثر ہے؛ لیکن اس معنی میں نہیں کہ یہ امام زمان ؑ کے ظہور کی شرط ہے۔

۲۔ جب ظہور کی تمام شرائط فراہم ہو جائیں اور شرائط مکمل ہو جائیں تو امام زمان کا ظہور ہو گا۔ لہذا ظہور کے وقت تمام شرائط موجود ہوں گی۔ جبکہ علاماتِ ظہور میں ایسا ہونا ضروری نہیں ہے؛ کیونکہ بعض علامات امام زمان ؑ کے ظہور سے پہلے آشکار ہوں گی اور بعض علامات ان کے ظہور کے بعد نمودار ہوں گی۔

علاماتِ ظہور کی اقسام

[ترمیم]

آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے وارد ہونے والی روایات علاماتِ ظہور دو حصوں میں تقسیم ہوتی ہیں:
۱۔ حتمی علامات و نشانیاں
۲۔ غیر حتمی نشانیاں

← حتمی نشانیاں


حتمی نشانیوں سے مراد وہ علامات و نشانیاں ہیں جو ظہور سے پہلے نمودار ہوں گی اور یہ کسی قید و شرط کی پابند نہیں ہیں؛ جبکہ غیر حتمی نشانیاں بعض شرائط کے ساتھ وابستہ ہیں جو موجودہ ہوں تو یہ غیر حتمی نشانیاں ہوں گی۔ ظہور امام زمانؑ کی حتمی علامات کا بیان متعدد روایات میں آیا ہے جن میں سے بعض میں پانچ حتمی علامات کا تذکرہ ہے اور بعض میں تقریبا دس (۱۰) سے کچھ زائد حتمی علامات بیان کی گئی ہیں۔

امام جعفر صادق ؑ سے صحیح السند روایت میں پانچ (۵) حتمی علامات کا تذکرہ وارد ہوا ہے جس میں آپؑ فرماتے ہیں: خَمْسُ‌ عَلَامَاتٍ‌ قَبْلَ‌ قِيَامِ‌ الْقَائِمِ: الصَّيْحَةُ وَالسُّفْيَانِيُّ وَالْخَسْفُ وَقَتْلُ النَّفْسِ الزَّكِيَّةِ وَالْيَمَانِي‌؛ قائم کے قیام سے پہلے پانچ (۵) علامات ظاہر ہوں گی: اونچی پکار، سفیانی کا خروج، زمین کا (بیداء کے مقام پر ) دھنس جانا، نفسِ زکیہ کا قتل کر دیا جانا اور یمانی کا آنا۔ یہ روایت چونکہ صحیح السند ہے اور اس مضمون پر مشتمل متعدد احادیث ہیں اس لیے ان پانچ نشانیوں کے حتمی ہونے پر علماء کا اتفاق ہے۔ علامہ مجلسی نے بحار الانوار کی ۵۲ نمبر جلد میں ان تمام روایات کو جمع کیا ہے جو ظہور کی علامات سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان روایات کا نچوڑ یہ نکلتا ہے کہ حتمی علامات تقریبا ۱۰ ہیں جن میں سے پانچ (۵) علامات پر علماء کا اتفاق ہے کیونکہ وہ صحیح السند روایات میں وارد ہوئی ہیں۔
[۴] ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینہ سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۲۸۔
بعض روایات کے مطابق یہ پانچ علامات امام مہدی ؑ کے قیام سے پہلے ظاہر ہوں گی۔ ذیل میں ہم ان پانچ حتمی علامات کا مختصر جائزہ لیتے ہیں جن کا تذکرہ امام جعفر صادق کی روایت میں وارد ہوا ہے:

←← آسمانی گونج دار پکار


بعض روایات کے مطابق صَیۡحہ ایک آسمانی گونج دار نداء ہو گی جس میں امام مہدیؑ کا نام لیا جائے گا اور مشرق سے لے کر مغرب تک پوری دنیا کے لوگ اس آواز کو سنیں گے۔ یہ آسمانی نداء ماہِ مبارک رمضان میں دی جائے گی اور اس مخلوق کی طرف یہ جناب جبرئیل ؑ کی گونج دار آواز ہو گی۔

←← سفیانی کا خروج


ان نشانیوں میں سے اہم ترین علامت سفیانی کا خروج ہے۔ روایات کے مطابق سفیانی ابو سفیان کی نسل سے ایک شخص ہے جو شام سے خروج کرے گا اور بڑی تعداد میں مسلمانوں کو قتل کر ڈالے گا۔ اسی طرح وہ کوفہ و نجف میں شیعوں کو قتل کرے گا اور شیعوں کی مخبری کرنے والے اور ان کو قتل کرنے والے کو انعامات سے نوازے گا۔ روایات کے مطابق سفیانی آٹھ ()۸ مہینے حکومت کرے گا جبکہ بعض میں نو (۹) مہینے کا تذکرہ بھی وارد ہوا ہے۔ علامہ مجلسی نے احتمال دیا ہے کہ اس اختلاف کی بنیادی وجہ تقیہ یا بداء ہے۔ بعض علماء کا کہنا ہے کہ سفیانی کسی ایک فرد کا نام نہیں ہے؛ بلکہ ہر وہ شخص جو اعلانیہ طور پر امام مہدی ؑ کے خلاف خروج کرے وہ سفیانی ہے اور جو اخلاف و اعمال میں ابو سفیان سے مشابہ ہو۔
[۱۰] فرہنگ نامہ مہدویت، ص۱۵۳۔
بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سفیانی ایک فرد نہیں دو افراد ہیں: ۱۔ ایک زوراء کے علاقے میں قیام کرے گا جوکہ بعض احادیث کے مطابق بغداد کا علاقہ بنتا ہے اور اسی جگہ قتل کر دیا جائے گا، ۲۔ دوسرا شام میں خروج کرے گا۔
[۱۱] ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینہ سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۶۰- ۲۸۔


←← زمین کا دھنس جانا


روایات کے مطابق مکہ میں بیداء کے مقام میں سفیانی کا لشکر زمین میں دھنس جائے گا جوکہ حتمی علامات میں سے ہے۔

←← نفس زکیہ کا قتل ہونا


معتبر روايات میں نفسِ زکیہ کے قتل ہونے کو حتمی علامات میں سے قرار دیا گیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نفس زکیہ کون ہے؟ وارد ہوا ہے کہ نفسِ زکیہ ایک پاک و پاکیزہ سید ہے جس کو مکہ مکرمہ میں رکن و مقام کے درمیان شہید کر دیا جائے گا۔ نفس زکیہ کا قتل ہونا حتمی علامات میں سے ہے۔ ایک روایت کے مطابق نفسِ زکیہ کی شہادت کے پندرہ دن بعد امام زمان ؑ ظہور فرمائیں گے۔ بعض جگہ وارد ہوا ہے کہ نفسِ زکیہ امام زمان ؑ کے سفیر ہوں گے اور ان کی طرف سے مکہ کے لوگوں کی طرف سفیر بنا کر بھیجے جائیں گے۔ کچھ روایات میں وارد ہوا ہے کہ وہ امام حسن مجتبی ؑ کی نسل سے ہوں گے اور کچھ روایات میں مطابق وہ امام حسین ؑ کی نسل سے ہوں گے۔ جب سفیانی مدینہ کی طرف خروج کرے گا اور لوگوں میں اتحاد و یگانگت پیدا کرے گا تاکہ لشکرِ سفیانی مدینہ پہنچ سکے تو نفس زکیہ مکہ جائیں گے اور لوگوں کو دعوتِ ہدایت دیں گے جس کے نتیجے میں ذی الحج کے مہینے میں مراسمِ حج کے بعد بیت اللہ اور حرمِ امن میں لوگوں کی نگاہوں کے سامنے انہیں قتل کر دیا جائے گا۔
[۱۷] ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینه سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۷۷-۷۵۔


←← یمانی کا آنا


یمانی کا آنا حتمی علامات میں سے ہے۔ یمانی ایک مومن شخص ہے جس کا تعلق یمن سے ہے اور یہی سے وہ خروج کریں گے۔ روایات کے مطابق جس سال اور مہینے میں سفیانی خروج کرے گا اسی سال، مہینے اور اسی دن یمانی کا بھی خروج ہو گا۔ یمانی حق کا پرچم بلند کرے گا اور لوگوں کو صراطِ مستقیم کی طرف بلائے گا اور روایات میں یمانی کی حمایت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

← دجال


بعض روایات کے مطابق دجال کا خروج بھی ظہور کی علامات میں سے ہے جبکہ بعض کے مطابق اسے قیامت کی نشانیوں میں سے قرار دیا گیا ہے۔ جس طرح امام مہدی ؑ کا ظہور قیامت کی نشانیوں میں سے ہے اسی طرح قیامت کی دیگر علامات میں سے ایک دجال کا خروج ہے۔ البتہ دجال کے موضوع پر وارد ہونے والی اکثر روایات ضعیف ہیں یا اہل سنت طریق سے وارد ہوئی ہیں۔ اس لیے بعض محققین نے دجال کے وجود پر شک کا اظہار کیا ہے۔ اہل سنت طریق سے کثیر روایات دجال کے بارے میں وارد ہوئی ہیں جوکہ رسول اللہ ؐ سے منقول ہیں۔ ان میں سے بعض روایات بالاتفاق جعلی اور گھڑی ہوئی ہیں جن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

لغت میں دجال کا مطلب فریب کار، دھوکہ باز انسان کے ہیں جو حق کو اختیار نہیں کرتا اور معاشرے میں باطل کی ترویج کرتا ہے۔ ظاہرِ روایات کے مطابق دجال ایک ظالم جابر سنگ دل انسان ہے جو لوگوں کو دھوکہ و فریب دیتا ہے اور معاشرے میں برائیاں پھیلاتا ہے۔ ظہور کے وقت دجال بہت سے لوگوں کو فریب دے کر حق سے دور کر دے گا۔ بعض محققین قائل ہیں کہ دجال ایک شخص نہیں ہے بلکہ روایات میں جس کا تذکرہ آیا ہے اس کے مطابق ہزاروں دجال ہیں جن میں دجالی صفات پائی جاتی ہیں۔ جب امامؑ کا ظہور ہو گا تو تقریبا ستر (۷۰) دجال خروج کریں گے۔ البتہ اکثر و بیشتر روایات جن میں دجال کا ذکر آیا ہے ضعیف اور غیر معتبر روایات ہیں۔
[۲۵] فرہنگ نامہ مہدویت، ص۱۴۹۔
بعض معاصر علماء معتقد ہیں کہ دجال دنیا بھر میں کفر اور مادی ثقافت کے تسلط سے کنایہ ہے جس کا مطلب ہے کہ دنیا بھر میں فکری، سیاسی اور اقتصادی انحراف پھیل جائے اور دنیا شیطانی تسلط کے مکمل کنٹرول میں آ جائے۔

← غیر حتمی نشانیاں


بعض علامات غیر حتمی ہیں جن کا واقع ہونا ممکن بھی ہے اور ہو سکتا ہے وہ برپا نہ ہوں۔ روایات میں غیر حتمی علامات کی طویل فہرست وارد ہوئی ہے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں: یاجوج و ماجوج کا آنا، ماہِ رمضان میں سورج گرہن اور چاند گرہن کا لگنا، آسمان میں آگ کا ظاہر ہونا، شام میں بڑے زلزلے کا آنا، دنیا بھر کا جنگ کی لپیٹ میں آنا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد کا قتل ہونا قم میں وسیع پیمانے میں علم و دانش پھیل جائے گا یہاں تک وہ علم کا خزانہ اور معدن بن جائے گا، ظلم و فساد کا پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لینا۔

علامات ظہور کے ظاہر ہونے کے فوائد

[ترمیم]

ظہورِ امام مہدیؑ کی شرائط اور علامات میں فرق ہے۔ اگر شرائط مہیا نہ ہوں تو ظہور نہیں ہو گا جبکہ علامات کے بغیر ظہور ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ علاماتِ ظہور کا اصلًا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اگر اس کا کوئی فائدہ نہ ہوتا تو روایات میں اس کا اس قدر طویل تذکرہ وارد نہ ہوتا۔ اگر سرسری طور پر دیکھا جائے تو درج ذیل فوائد ہمارے سامنے اجاگر ہوتے ہیں:
۱۔ یہ علامات اور نشانیاں امام زمانؑ کی عظمت و جلالت اور بلند و بزرگ اہداف کو بیان کرنے کے لیے اللہ تعالی نے قرار دیئے ہیں۔ ایک ذات کے آنے سے پہلے پوری کائنات میں اس کے لیے آمادگی اور تیاری اس ذات کی عظمت کو بیان کرتی ہے۔
۲. ان علامات کے ذریعے دشمنانِ اسلام کے دلوں پر رعب و دبدبہ اور وحشت طاری ہو جائے گی۔
۳. امام زمانؑ کے ماننے والوں کے لیے یہ علامات بشارت کا بیغام بن جائیں گے اور ان کے دلوں کی قوت کا باعث بنے گی جس کی وجہ سے وہ بآسانی اپنے آپ کو امام زمانؑ تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

حوالہ جات

[ترمیم]
 
۱. صدر، سید محمد، تاریخ الغیبۃ، ص ۳۹۸- ۳۹۵۔    
۲. کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، ج ۸، ص ۳۱۰۔    
۳. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۸۹۔    
۴. ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینہ سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۲۸۔
۵. شیخ صدوق، محمد بن علی، کمال الدین وتمام النعمۃ، ص ۶۴۹۔    
۶. نعمانی، محمد بن ابراہیم، کتاب الغیبۃ، ص ۲۵۴۔    
۷. صافی گلپائگانی، لطف اللہ، منتخب الاثر، ج ۳، ص ۷۴۔    
۸. شیخ صدوق، محمد بن علی، کمال الدین وتمام النعمۃ، ج۱، ص۶۵۱۔    
۹. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۱۶۔    
۱۰. فرہنگ نامہ مہدویت، ص۱۵۳۔
۱۱. ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینہ سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۶۰- ۲۸۔
۱۲. شیخ طوسی، محمد بن حسن، کتاب الغیبۃ، ص ۴۳۷۔    
۱۳. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۰۴۔    
۱۴. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۰۶۔    
۱۵. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحارالانوار، ج۵۲، ص۱۹۲۔    
۱۶. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۳۰۷۔    
۱۷. ہاشمی شہیدی، سید اسد اللہ، زمینه سازان انقلاب جہانی مہدی، ص۷۷-۷۵۔
۱۸. شیخ طوسی، محمد بن حسن، کتاب الغیبۃ، ص ۴۴۷۔    
۱۹. نعمانی، محمد بن ابراہیم، کتاب الغیبۃ، ص ۲۵۶۔    
۲۰. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۰۹۔    
۲۱. شیخ طوسی، محمد بن حسن، کتاب الغیبۃ، ص۲۶۷۔    
۲۲. کامل سلیمان، یوم الخلاص فی ظل القائم المہدی ع، ص۷۱۱۔    
۲۳. طریحی، فخر الدین بن محمد، مجمع البحرین، ج ۲، ص۱۱۔    
۲۴. کامل سلیمان، یوم الخلاص فی ظل القائم المہدی ع، ص۷۱۱۔    
۲۵. فرہنگ نامہ مہدویت، ص۱۴۹۔
۲۶. صدر، سید محمد، تاریخ الغیبۃ، ج ۲، ص۴۸۴۔    
۲۷. صافی گلپائگانی، لطف اللہ، منتخب الاثر، ج ۳، ص۶۴۔    
۲۸. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، ج۵۲، ص۲۴۰۔    
۲۹. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحارالانوار، ج۵۲، ص۲۱۶۔    
۳۰. صافی گلپائگانی، لطف اللہ، منتخب الاثر، ج ۳، ص ۸۱ ۔    
۳۱. صافی گلپائگانی، لطف اللہ، منتخب الاثر، ج ۳، ص ۸۱۔    
۳۲. علامہ مجلسی، محمد باقر، بحارالانوار، ج۵۲، ص۲۶۰- ۲۵۶۔    


مأخذ

[ترمیم]
فرہنگ شیعہ، برگرفتہ از مقالہ علائم ظہور امام زمان، ج۱، ص۳۴۱۔    
بعض مطالب اور حوالہ جات ویکی فقہ اردو کی طرف سے اضافہ کیے گئے ہیں۔


اس صفحے کے زمرہ جات : ظہور امام زمان | علامات ظہور | مہدویت




جعبه ابزار