عزائم سورہ

پی۔ڈی۔ایف فارمیٹ میں مقالہ محفوظ کریں



عزائم سورہ سے مراد وہ سورتیں ہیں جن میں قرآن کریم کے واجب سجدے ذکر ہوئے ہیں۔ فقہاء کرام نے ذکر کیا ہے کہ اگر ان سورہ کی آیت سجدہ براہ راست مکمل سنی جائے تو اسی وقت سجدہ کرنا واجب ہو جاتا ہے۔ علم فقہ میں باب الصلاۃ میں اس موضوع سے بحث کی جاتی ہے۔


عزائم کا لغوی معنی

[ترمیم]

عزائم عربی زبان کا لفظ ہے جوکہ عزم کی جمع ہے۔ اس کے معنی قصد کرنے یا کسی کام کو قطعی طور پر انجام دینے کا ارادہ کرنے کے ہیں۔ ابن فارس لکھتے ہیں: أَصْلٌ وَاحِدٌ صَحِيحٌ يَدُلُّ عَلَى الصَّرِيمَةِ وَالْقَطْعِ؛ اس کا ایک اصلی معنی ہر شیء سے تعلق منقطع کرنے اور قطع کے ہیں۔اصطلاح میں عزائم یا عَزَائِمُ السُّجُود ان سورتوں کو کہا جاتا ہے جن میں مخصوص آیات کی تلاوت کرنے پر یا سننے پر سجده کرنا واجب قرار دیا گیا ہے۔

عزائم السجود سورتیں

[ترمیم]

يہ سورتیں چار ہیں:
۱۔ سورہ النجم
۲۔ سورہ العلق
۳۔ سورہ الم تنزیل (سورۃ السجدۃ)
۴۔ سورہ حم سجده (سورۃ فصلت)
فقہی کتب میں فقہاء کرام کے مطابق سورہ النجم کی آيت ۶۲، سورہ العلق کی آیت ۱۹، سورہ الم تنزیل (سورۃ السجدۃ) کی آیت ۳۷ اور سورہ حم سجدہ (سورۃ فصلت) کی آیت ۱۵ کی براہ راست تلاوت کرنے یا سننے پر سجدہ کرنا واجب ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سورتوں میں بھی سجدے موجود ہیں البتہ ان کا بجا لانا مستحب ہے واجب نہیں۔

سجدہ واجب ہونے کی علت

[ترمیم]


← تعبد


ان آیات کے پڑھنے سے سجدے کا واجب ہونا تعبُّداً ہے۔ روایات آئمہ معصومینؑ کی پیروی کرتے ہوئے ان سجدوں کو وجوبًا انجام دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ میں وارد ہوا ہے کہ ان آیات کو پڑھنے یا سننے سے سجدہ بجا لانا واجب ہو جاتا ہے۔

← آیات میں سجدے کا حکم


ان چار آیات میں واجب سجدے پر ابک دلیل خود ان آیات میں سجده کرنے کا حکم دیا جانا ہے۔ پس قرآن کریم کا دستور بجا لاتے ہوۓ سجدہ کیا جاتا ہے۔ اللہ تعالی کا ان آیات میں سجدے کا حکم دینا ہمارے لیے کافی ہے کہ ہم حکم الہی کے آگے سر تسلیم خم کرتے ہوۓ سجدے میں گر جائیں۔

← عظمت الہی کو سجدہ


اگر ان سورتوں کے سیاق و سباق پر غور کیا جاۓ تو معلوم ہوتا ہے کہ ان میں انسان کو خلقت انسان، آسمان و زمین کی مخلوقات پر تفکر کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ جب انسان اللہ تعالی کی بے شمار نعمات اور کثیر وجودات کو دیکھتا ہے اور ان پر غور کرتا ہے تو خود کو اس عظیم ذات کے آگے حقیر اور پست قرار دیتے ہوۓ سجدے میں گر جاتا ہے اور اس طرح اقرار کرتا ہے کہ اس عظیم خالق کی عظمت و یکتائی کا اقرار کرتا ہے۔

← مشرکانہ افکار سے نجات


واجب سجدوں پر مشتمل سورتیں مکہ میں نازل ہوئیں۔ جس دور میں يہ سورتیں نازل ہوئیں اس وقت مکہ شرک و کفر کا گڑھ تھا۔ مشرکین بتوں کے آگے سجدے کرتے اور ان کو زندگی کے امور میں مدبر و شفیع مانتے اور ان کو رازق خیال کرتے تھے۔ االلہ تعالی نے اس باطل تفکر کے خلاف مبارزہ کرنے اور شرک سے اجتناب کرنے کا حکم دیا کیونکہ سجدہ کے لائق فقط اللہ کی ذات ہے۔ کسی غیر خدا کو سجدہ کرنا جائز نہیں ہے۔ وارد ہوا ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ نے سورہ نجم کی آیات کی تلاوت کی تو ان آیات کا مؤمنین پر گہرا اثر ہوا حتی مشرکین بھی متاثر ہوۓ بغیر نہ رہ سکے۔ روایت میں ملتا ہے کہ ان آیات کو سنتے ہی سب مومنین اور مشرکین سجدے میں گر گئے۔
[۵] مکارم شیرازی، ناصر، تفسیر نمونہ، چ۹، ص ۵۷۶۔


← تکبر کا خاتمہ


جب انسان اپنے جسم کا قابل احترام ترین عضو یعنی پیشانی اللہ تعالی کی بارگاہ میں جھکا کر خاک پر رکھ دیتا ہے تو در اصل وہ اللہ تعالی کے آگے تواضع اختیار کر رہا ہوتا ہے اور اپنے ذلیل و حقیر ہونے کا اعتراف کرتا ہے۔

بعض فقہی احکام

[ترمیم]

فقہاء کرام نے واجب سجدوں والی سورتوں کو فقہ میں طہارت اور نماز کے باب میں ذکر کیا ہے اور اس سے مربوط فقہی احکام ذکر کیے ہیں جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:
۱۔ مجنب اور حائض کے لیے ان سورتوں کا پڑھنا حرام ہے۔ آیا پوری سورہ پڑھنا حرام ہے یا صرف سجدے والی آیت پڑھنا حرام ہے؟ اس میں اختلاف ہے۔
۲۔ اگر کوئی شخص نماز میں ان سورتوں میں سے کسی ایک سورت کو پڑھے تو اس کی نماز باطل ہے۔ اگر نمازی نماز میں ان میں سے کوئی ایک سورہ بھولے سے شروع کر دے تو اسے چاہیے کہ وہ اس سورہ کو ترک کر کے کوئی دوسری سورہ پڑھے۔
۳۔ قرآن کے واجب سجدے واجب فوری ہیں جن میں تاخیر کرنا جائز نہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
 
۱. ابن فارس، احمد، معجم مقاییس اللغۃ، ج۴، ص۳۰۸۔    
۲. خمینی، روح اللہ، توضیح المسائل، ج۱، ص۱۴۸۔    
۳. سیستانی، سید علی، توضیح المسائل، ج۱، ص۷۵۔    
۴. شیخ صدوق، محمد، خصال، ج۱، ص ۲۵۲۔    
۵. مکارم شیرازی، ناصر، تفسیر نمونہ، چ۹، ص ۵۷۶۔
۶. یزدی، سید محمد کاظم، عروۃ الوثقی، ج۱، ص۵۱۰۔    
۷. یزدی، سید محمد کاظم، عروۃ الوثقی، ج۱، ص۶۰۳۔    
۸. یزدی، سید محمد کاظم، عروۃ الوثقی، ج۱، ص۵۸۰۔    
۹. یزدی، سید محمد کاظم، عروۃ الوثقی، ج۱، ص۵۷۸۔    


مأخذ

[ترمیم]

سایت اندیشہ قم۔    


اس صفحے کے زمرہ جات : قرآن شناسی | قرآنی معارف | واجب سجدے




جعبه ابزار